ایرانی نائب صدر: ایران سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی کے لیے کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیتا

تہران - ارنا – ایران کے نائب صدر نے کہا ہے کہ ایران سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے اپنی حکمت عملی میں کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیتا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ کے دفاعی نظریے میں ایٹمی ہتھیاروں کی کوئی جگہ نہیں اور مغربی ممالک اور امریکی میڈیا اس مسئلے سے بخوبی واقف ہیں۔

محمد رضا عارف نے آج صبح (بدھ) ایک اجلاس میں کہا کہ ایران کی افزودگی کے بارے میں امریکی رہنماؤں کا حالیہ موقف نیا نہیں ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ اگر افزودگی ہمارے لیے اتنی اہم نہ ہوتی تو پچھلی دہائیوں میں سخت اور ظالمانہ امریکی پابندیوں کو برداشت کرنے کی ضرورت نہ پڑتی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکام کے بیانات میں تضاد ہے کیونکہ بالواسطہ مذاکرات میں وہ افزودگی سے متعلق مسائل کو اٹھارہے ہیں، لیکن مذاکرات کی میز سے ہٹ کر، میڈیا سے متاثر ہو کر اور صیہونی حکومت کو خوش کرنے کے لیے دوسرے مسائل اٹھاتے ہیں۔

نائب صدر نے تاکید کی کہ ایران بالواسطہ مذاکرات میں بیان کردہ پالیسی پر گامزن ہے اور ایرانی حکومت کی سرخ لکیر ایرانی سرزمین پر افزودگی ہے۔ ہم جوہری ہتھیاروں کے خواہاں نہیں ہیں لیکن ہم ملک کی پوری جوہری صلاحیت کو دیگر ٹیکنالوجیز کی طرح ترقی اور پیشرفت کے مقاصد کے لیے استعمال کریں گے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .